• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام حسینؓ نے اسلامی اقدار کی خاطر عظیم قربانی پیش کی، صدر، وزیراعظم، یوم عاشورہ پر پیغامات

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشورہ 10 محرم الحرام 1445ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، امام حسینؓ نے اسلامی اقدار کی خاطر عظیم قربانی پیش کی،ہمیں ناانصافی اور ظلم کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے، امام حسینؓ نے ظلم، جبر اور ناانصافی کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی میں اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول ﷺ سیدنا امام حسین ؓنے عظیم قربانی پیش کی، صدر نے کہا کہ امام حسین ؓ کا اپنے وقت کے ظالم حکمران یزید کیخلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ، بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے ایک اصولی موقف تھا،اس جرأت مندانہ عمل سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم اور غلط کام کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے، اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، چاہے اس کیلئے کتنی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام حسینؓ نے اپنے اصحاب اور اہلِ بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا، امام حسین ؓکی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، حق اور انصاف کیلئے کھڑا ہونا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا البتہ یہ وہ راستہ ہے جو دائمی کامیابی اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی طرف لے جاتا ہے، ہمیں امام حسین کی فربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

اہم خبریں سے مزید