اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف گزشتہ روز ایک روزہ دورے پرمتحدہ عرب امارات پہنچ گئے ۔ متحد ہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کا ابوظہبی محل پہنچنے پر گرمجوشی سے استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نےیواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نھیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نھیان کے انتقال پر دِلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صدرِ متحدہ عرب امارات کے بھائی کے انتقال پر پوری پاکستانی قوم کی جانب سے اظہارِ افسوس کیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے مابین مشترکہ عقیدے اور بھائی چارے کی بنیاد پر مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ صدرِ متحدہ عرب امارات نے ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مضبوط سفارتی تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تومتحدہ عرب امارت پہنچنے پر پاکستان کے یو اے ای میں سفیر، اعلی اماراتی حکام اور پاکستانی سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔