اسلام آباد (صالح ظافر) حکمران پی ڈی ایم قیادت کو نگراں وزیر اعظم کے عہدے کے دعویداروں کی فہرست میں زیر غور نہیں لایا گیا اور حکمران اتحاد کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی دہری شہریت کے حامل کو اس عہدے کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔
امکان ہے کہ نگراں وزیراعظم کے حوالے سے ڈراپ سین اگلے ہفتے کے وسط میں اس معاملے میں ہونے والی قیاس آرائیوں سے کم از کم تین دن پہلے ہو جائے گا۔ تب تک الجھن برقرار رہنے کی توقع ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ جو کہ پی ڈی ایم میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں، نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حتمی فیصلہ قومی اسمبلی کے دونوں رہنماؤں نے کرنا ہے تاہم حکومت کی جانب سے حتمی فیصلہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے بعد ایک دو روز میں قائد ایوان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ وزیراعظم شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد آئین کے مطابق کریں گے کیونکہ حتمی فیصلے کے لیے وہی درست ہوگا۔