اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حسینیت اور یزیدیت آج بھی برسرِ پیکار ہے، حسینؓ ہمارے آئیڈل، ان کی قربانی، قربانیوں کی معراج ہے۔ کربلا کا درس یہ نہیں کہ سال کے ایک دو روز غم حسینؓ میں گزار کر بقیہ 364دن ظالم کا ساتھ دیا جائے، مردہ یزید پر لعن طعن اور زندہ یزید کا جھنڈا اٹھا رکھا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے ملوکیت کو چیلنج کیا۔ واقعہ کربلا کا درس ہے کہ ظاہری کامیابی کی کوئی حیثیت نہیں، حق کا ساتھ دینا اور اس پر ڈٹے رہنا اصل کامیابی ہے۔