• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام حسینؓ نے اسلام کی بقا کیلئے اپنے خاندان کی قربانی پیش کی، علامہ محمد نواز صدیقی

ویانا (اکرم باجوہ) المصطفیٰ سنٹر ویانا میں شہدا کربلا اور امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ کی یاد میں سالانہ ذکر نعت محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سفارتخانہ ویانا کے اعلیٰ افسران سمیت پاکستانی کمیونٹی کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی معروف عالم دین حضرت علامہ محمد نواز صدیقی ہزاروی تھے۔ تلاوت قرآن پاک سید عبدالرحمٰن نے کی۔ نعت و منقبت کی سعادت باسط ملک، سید محمود شاہ چوہدری اکبر،ممتاز احمد،مقصود مغل،ڈاکٹر مبارک،غلام مصطفیٰ نعیمی اور یورپ کے معروف نعت خواں شہریار خان نے حاصل کی۔ علامہ محمد نواز صدیقی نے حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالی عنہ کی شان بیان کرتے ہوئے کہا کہ آسمان سے اترے تارے، نبی کے دلارے،فاطمہ الزہرا کے پیارے امام حسین تھے، آپ نے اسلام کی بقا کیلئے اپنے خاندان کی قربانی پیش کی، یزید جو اسلام کی شکل کو مسخ کرنا چاہتا تھا،شریعت کو اپنی مرضی کے مطابق بدلنا چاہتا تھا،اس کے مقابل امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے عزیمت و استقامت کی مثال قائم کرتے ہوئے اسلام کو دوبارہ زندگی عطا کی، آپ کی شہادت کی گواہی کئی احادیث میں موجود ہے۔ غلام مصطفیٰ نعیمی نے شرکا محفل کے ساتھ ملکر درود اسلام پیش کیا ۔ علامہ محمد نواز صدیقی ہزاروی نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ اور شہدائے کربلا اور حاضرین شرکا اور پاکستان کیلئے خصوصی دعائیں کیں ۔المصطفیٰ سینٹر کے سربراہ باوا سید علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کا محفل میں شرکت کرنے پر شکریہ اداکیا ۔

یورپ سے سے مزید