اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سی پیک کے 10سال مکمل ہونے پر چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فینگ اتوار کو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ایئر پورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے ان کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ سی پیک کے10سال پورے ہونے پر حکومت پاکستان کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران چین کے نائب وزیراعظم سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کرینگے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ دورے کے دوران چین کے نائب وزیراعظم صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرینگے۔ وہ سی پیک کی ایک دہانی مکمل ہونے سے متعلق تقریب میں مہمان خصوصی بھی ہونگے۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جن میں سے چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک اہم منصوبہ ہے۔ نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (23-2017)کے چیئرمین کے طور پر انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سفارتی ماہرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس دورے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی سیاست سے بالاتر ہے اور یہ دو ریاستوں کے درمیان ہے۔ اس سے تاثر ملتا ہے سی پیک کا منصوبہ جاری رہے گا۔