لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے نواز شریف کے بغض میں حویلی بہادر شاہ میں ساڑھے 1200 میگا واٹ کے بجلی کے منصوبے کو بند کرکے قومی خزانے کو 77 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ 74 ارب کی لاگت سے منصوبے کو 2019 میں مکمل ہونا تھا لیکن بد نیتی اور ملک دشمنی کی وجہ سے قوم کے77 ارب روپے اضافی خرچ ہو گئے، کیا کسی عدالت نے اس پر سو موٹو لیا ہے، کسی کو پرواہ تک نہیں کسی نے پوچھا تک نہیں،یہ ظلم ہے جو اس ملک کے ساتھ بار بار ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس حمام میں سب ننگے ہیں، گزشتہ حکومت کے چار برسوں کی مجرمانہ غفلت اور بد ترین گورننس نے پاکستان کو یہاں پر پہنچایا ہے ، آئیں ہم ہمت باندھیں،رونے دھونے سے کام نہیں چلے گا، شفاف احتساب ہونا چاہیے، 9 مئی کے واقعات پاکستان، افواج پاکستان اور سپہ سالار کے خلاف سازش تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں میڈیکل سٹی، نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام، پاپولیشن ویلفیئر پروگرام، ایس ایل تھری لاہور رنگ روڈ منصوبے، شاہدرہ تا کالا شاہ کاکو میٹرو بس توسیعی پروگرام کا سنگ بنیاد اور ساڑھے1200میگاواٹ کے پنجاب تھرمل پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔