بیجنگ/ ماسکو/ مانٹریال/ واشنگٹن (نیوز ڈیسک) سمندری طوفان ڈوکسوری کے زیر اثر چین کے شمالی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جب کہ صوبے فوجیان میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس کی وجہ سے گاڑیاں اور رہائشی علاقے کیچڑ میں گھر گئے ہیں۔ طوفان کی وجہ سے شمالی چین بالخصوص دارالحکومت بیجنگ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور بیجنگ میں ریڈ الرٹ جاری کرنے کے ساتھ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں طوفان کے زیر اثر شدید بارشوں کے ریڈ الرٹ کے بعد شہر میں کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دیئے گئے۔ کئی سیاحتی مقامات اور پارکس کو بند کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف شدید بارشوں سے صوبے فوجیان میں لینڈ سلائیڈنگ سے گاڑیاں اور رہائشی علاقے پانی اور کیچڑ میں گھر گئے، مسلسل بارشوں سے سیلابی صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔متاثرہ علاقوں میں پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا، فلپائن، تائیوان اور چینی ساحل سے ٹکرانے والے طاقتور طوفان کی وجہ سے آئندہ تین دنوں میں بیجنگ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔علاوہ ازیں روس کے وسطی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش سے مختلف حادثات میں تین بچوں سمیت 10افراد ہلاک اور 29زخمی ہوگئے۔ماسکو سے روسی حکام کے مطابق ہواؤں کی شدت سے درخت اور بجلی کے تار گر گئے اور سیکڑوں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔41رہائشی، 7کمرشل عمارتوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا، ماری ایل میں جھیل کنارے لگے کیمپ طوفانی ہواؤں سے اڑ گئے۔ درخت گرنے سے کئی گاڑیاں دب کر تباہ ہوگئیں۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 10میں سے 8ہلاکتیں کیمپنگ سائٹ پر ہوئیں۔ امدادی اقدامات جاری ہیں۔علاوہ ازیں کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید ژالہ باری اور بارش ہوئی، اس دوران چلنے والی طوفانی ہوائوں سے بجلی کا نظام متاثر ہوا اور ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔ اس دوران ٹینس کی بال کے حجم کے برابر اولے پڑے، وزنی اولوں سے گاڑیوں کی ونڈ شیلڈ پر کریک پڑ گئے۔مقامی میڈیا کے مطابق شہر میں 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، ہواؤں کی شدت سے سائن بورڈز گر گئے، مکانات کی چھتوں کو نقصان پہنچا جبکہ بجلی کی لائنیں گرنے سے ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ طوفان کے بعد شہر میں صفائی کا عمل جاری ہے ۔دریں اثنا امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 80میل فی گھنٹہ رفتارکی ہواؤں سے درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طوفانی ہواؤں نے بجلی کی تار گرا دئیے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے، موسلادھار بارش سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔دوسری جانب میکسیکو میں بھی طوفانی ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کا طوفان آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق شہر میں طوفان سے سڑکوں اور انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔میکسیکو شہر میں شدید بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔