کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی سے چھینے گئے موبائل فونز کی "پیچنگ" کے بعد شہر میں دوبارہ فروخت کا نیا دھندا شروع ہوچکا ہے، کسی بھی موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر صرف 500 سے ایک ہزار روپے میں تبدیل کردیا جاتا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ای آئی نمبر چیک کرنے کی ویب سائٹس، سی پی ایل سی یا ماہر ٹیکنیشنز ہی پیچ موبائل کا اصل آئی ایم ای آئی نمبر چیک یا بحال کرسکتا ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیچ شدہ موبائل فون اصل قیمت سے 10سے 15ہزار سستا مل جاتا ہے اور ایسے موبائل فون خریدتے وقت عام شہری قطعی طور پر شناخت نہیں کرسکتا اور ایسے شہری دکاندروں کے ہاتھوں لٹ جاتے ہیں اور نوسربازی سامنے آنے پر شہری مارکیٹوں میں موجود غنڈہ عناصر کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔
یہ دھندا بالکل ایسے ہی ہے جیسے کہ چھینی یا چوری کی گئی کسی گاڑی کے انجن اور یا چیسز نمبرز ٹیمپرنگ کرکے بدل دیے جاتے ہیں۔
فرق یہ ہے کہ گاڑی کا اصل چیسس نمبر بحال کرنے مشکل ہوتا ہے جبکہ سوفٹ ویئر کی مدد سے موبائل فون کے تبدیل شدہ آئی ایم ای آئی نمبر کو بحال کرنے آسان ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق موبائل فون کمپنی سام سنگ کی نوٹ سیریز، ون پلس، موٹو رولا یا دیگر مقامی کمپنیوں نے سستے موبائل فون پیچنگ کیلئے مافیا کا عام حدف ہوتے ہیں۔