اسلام آباد( تنویر ہاشمی ، کامرس رپورٹر )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نےوزیر خزانہ اسحاق ڈار کی درخواست پر کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہےجس میں وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے 3ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے ، اجلاس جمعہ کو ہوگا، گورنر اسٹیٹ بنک سے 3ارب ڈالر کے رعایتی قرضے کی تحریری تفصیلات طلب ،قائمہ کمیٹی نے گورنر اسٹیٹ بنک سے 628افراد اور کمپنیوں کو دیئے گئے 3ارب ڈالر کے رعایتی قرضے کی تحریری تفصیلات طلب کرلیں ، سٹیٹ بنک آئندہ اجلاس میں رعایتی قرضہ سکیم کی منظوری کے طریقہ کار ، اوورانوائسنگ ، اس قرضے سے خریدی گئی مشنیری کے استعمال اور جن افراد کو قرضہ دیا گیا ان کی تفصیلات پیش کی جائیںگی ، قائمہ کمیٹی کا اجلاس قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کےآغاز پر مسلم لیگ ن کے رکن کمیٹی برجیس طاہر نے تین ار ب ڈالر کے رعایتی قرضہ کی تفصیلات فراہم نہ ہونے اور کمیٹی میں وزیر خزانہ ، سیکریٹری خزانہ ، گورنر سٹیٹ بنک اور چیئرمین ایف بی آر کی عدم شرکت پر کمیٹی سے احتجاجاً واک آئوٹ کیا ان کے ہمراہ ارکان کمیٹی ناصر اقبال بوسال اور چوہدری خالد جاوید نے بھی واک آئوٹ کیا۔