اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پچھلے دور میں ایک ہینڈ پمپ لگا کر اس کی تشہیر کی جاتی رہی، عمران حکومت نے ملک کو معاشی بدحالی کا شکار کیا، آج بالٹی، ڈبہ اور کنستر لگا کر عدالت پیش ہونے والے عوام سے آنکھیں نہیں ملا سکتے، وزیراعظم شہباز شریف نے 15 ماہ کی قلیل مدت میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا،ترقیاتی کام 15ماہ میں مکمل ہوسکتے ہیں تو 4سال میں کیوں نہ ہوئے، معاشی بدحالی کو معاشی استحکام میں بدلا، بھارہ کہو بائی پاس منصوبہ کسی معجزے سے کم نہیں، اس منصوبے کی تکمیل پر گلیات، کشمیر، مری کے لوگ وزیراعظم کو ساری عمر دعائیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، حنیف عباسی، طارق فضل چوہدری، چیئرمین سی ڈی اے سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2018ءمیں ہم ملک میں ترقی کا سفر چھوڑ کر گئے تھے، ملکی معیشت 6.3 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی تھی اور جب ہم 2022ءمیں دوبارہ اقتدار میں آئے تو ملک معاشی بدحالی کا شکار ہو چکا تھا، وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات محنت کر کے پاکستان کے عوام کو ریلیف دیا اور معاشی بدحالی کو معاشی استحکام میں بدلا۔