اسلام آباد، راولپنڈی (جنگ رپورٹر، سٹاف رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قانونی ٹیم کے رکن شعیب شاہین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس میں سنایا جانے والا فیصلہ غلط اور یکطرفہ ہے،جس میں انصاف کا قتل کیا گیا ہے،عمران خان کیخلاف180 مقدمات گرفتاریاں ڈالنے کے لیئے ہی بنائے گئے ہیں،پی ٹی آئی ورکرز کے ساتھ ہر غیر آئینی حرکت کی جارہی ہے،اسلام آباد پولیس لاہور اتنی جلدی کیسے پہنچ گئی؟ میچ فکسڈ تھا،دفاع کرنا اور گواہ پیش کرنا ہمارا حق ہے، گواہوں کو لانے کے لئے وقت مانگا تو درخواست منظور نہیں کی گئی،حق دفاع سے قبل ہی فیصلہ سنا کر سزا دے دی گئی،فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں پٹیشن فائل کریں گے،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر خان اور نعیم حیدر پنجھوتہ کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ جب ہمارے گواہوں کو آنے نہیں دیا گیا تو کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے شواہد پیش نہیں کیے ۔