اٹک (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) اٹک جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے انکے وکیل نعیم حیدر کی ملاقات کرادی گئی۔ جو دو گھنٹے جاری رہی، سابق وزیراعظم نے پاور آف اٹارنی اور وکالت نامے پر دستخط کردیئے۔ وکیل کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا انہیں بشری بیگم سے ملنے کی اجازت دی جائے، انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو جیل میںسی کلاس میں رکھا گیا، اوپن واش روم ہے، جیل کے کمرے میں دن کو مکھیاں اور رات کو کیڑے ہوتے ہیں، دوسری جانب توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف ایڈوکیٹ لاہور ہائیکورٹ صائمہ صفدر نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں کیس کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اٹک جیل میں عمران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نعیم حیدرپنجوتھہ کا کہنا تھا کہ ہم استدعا کرتے رہے کہ ہماری ملاقات 9 بجے کرائی جائے، ہم نے توشہ خانہ کیس کو چیلنج کرنا تھا لیکن ساڑھے 12 بجے جیل میں جانے کی اجازت دی گئی۔