• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منصفانہ الیکشن بنیادی ذمہ داری، غیر جانبداری ثابت کرنے کیلئے سینیٹ اور BAP کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

راولپنڈی،اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ ،مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیر اعظم انوار الحق اپنے عہد ے کا حلف آج 14 اگست کو اٹھا ئینگے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہو گی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نگران وزیر اعظم سے حلف لینگے۔ انوار الحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائینگے۔ نامزد نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے آزادانہ، منصفانہ الیکشن کرانا میری بنیادی ذمہ داری ہے، غیر جانبداری ثابت کرنے کیلئے سینیٹ اور BAP کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگران کابینہ سے متعلق مشاورت شروع کر دی ہے ۔ اتوار کو اپنے بیان میں نامزد نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اب چونکہ ان کی ذمہ دار ی ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کیلئے انہوں نے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اور انہیں اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کا تقاضہ پورا کرنا ہے، اسلئے انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کی طرف سے کابینہ مختصر ہوگی اور اس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہو گی۔ ریٹائرڈ بیورو کریٹس سمیت ٹیکنو کریٹ بھی کابینہ کا حصہ ہونگے۔ڈاکٹر توقیر شاہ کی جگہ وہ اپنا نیا پرنسپل سیکرٹری بھی مقرر کرینگے۔ نگران کابینہ آنے کے بعد بیورو کریسی میں اہم عہدوں پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔نگراں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کرینگے۔

اہم خبریں سے مزید