اسلام آباد، لاہور(نیوز ایجنسیاں،جنگ نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی(بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تقرری پر برہمی کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات صدر نواز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔
سردار اختر مینگل نے نواز شریف کے نام خط میں لکھا ہے کہ ایسے شخص کو نگران وزیر اعظم بناکر ہمارے لئے سیاست کے دروازے بند اور باہم مزید دوریاں پیدا کردی ہیں
سینیٹر سرفراز بگٹی نے اخترمینگل کے نواز شریف کولکھےگئےخط پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ اختر مینگل صاحب،آپ نے باپ پارٹی کے چیئرمین سینیٹ، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی حمایت کی،اب نگراں وزیر اعظم کی مخالفت کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟ جبکہ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ انوار الحق کاکڑ پر تمام جماعتوں کا اظہار اعتماد ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردار اختر مینگل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تقرری پر برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے شخص کو نگران وزیر اعظم بناکر ہمارے لئے سیاست کے دروازے بند اور باہم مزید دوریاں پیدا کردی ہیں، اس کا الزام کسی پر ڈالنے کے بجائے ہم اپنی شومی قسمت کو ہی ٹھہرائیں تو بہتر ہوگا، وہی بلوچستان وہی جبری گمشدگیاں، سیاسی حل کے بجائے بندوق سے مسئلے کے حل کی کوشش، سیاستدانوں کے بجائے اسٹیبلشمنٹ کی طرف آس لگانا یا ان کی مشاورت سے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے ۔
سردار اختر مینگل نے خط میں مزید لکھا کہ میاں صاحب، ہم پر جو گزری یا گزر رہی ہے وہ ہماری قسمت لیکن حیرانگی اس بات سے ہے جو آپ لوگوں پر گزری اس سے ابھی تک سبق نہیں سیکھا۔