• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم، مزید بہتری لائیں گے، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی)نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے اور مزید اقتصادی بہتری لائیں گے‘ عوامی فلاحی منصوبے بلاتعطل جاری رہیں گے‘ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں‘ نگراں حکومت معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن اور ذمہ دار خودمختاری پر توجہ مرکوز کرے گی، نگران حکومت اپنی محدود مدت میں تمام تر توانائیاں معیشت کی اصلاح پر صرف کرے گی‘انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ٹیکس محصولات میں اضافہ کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے، پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد میں مزید تیزی لائی جائے، صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ دریں اثناء انوار الحق کاکڑ نے جمعیت علماءِ اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر جاکرخار باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن پر خود کش حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ فضل الرحمٰن نے انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔منگل کو انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف وزارتوں کے اہم امور اور ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں اعلیٰ سرکاری افسران بشمول گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی۔ نگراں وزیرِ اعظم نے ہر شعبے میں جاری اصلاحات پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اہم خبریں سے مزید