کراچی (جنگ نیوز) ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ریلیف دلانے کیلئے مغربی ممالک کے سفیروں سے مدد مانگ لی ہے۔
پی ٹی آئی قیادت نے امریکا، برطانیہ، کینیڈا، ناروے کے سفیروں سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی ٹیم نے امریکی سفیر سے سائفر ایشو اور چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدموں پر بات کی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی روف حسن نےکہا کہ آسٹریلیا کے ہائی کمیشن نے ناشتے پر بلایا تھا۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی، روف حسن اور سینیٹر علی ظفر نے مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر چند روز قبل ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر، کینیڈین ہائی کمشنر موجود تھے، ملاقات میں پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اورناروے کےسفیر البرٹ لساس شریک تھے، ناشتے پر ہونے والی ملاقات میں انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ٹوگیو بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پی ٹی آئی قیادت نے غیر ملکی سفیروں سے چیئرمین پی ٹی آئی کے معاملے پر مدد طلب کی۔