پشاور (خصوصی نامہ نگار) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا) نے کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر سردار خان کو تین سال کی مجوزہ توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک گورنر/چانسلر کی طرف سے بنائی گئی گورنر انسپیکشن ٹیم اور جائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم کی رپورٹس نہیں آجاتیں اس وقت تک ایسے اقدام سے گریز کیا جائے۔ ایک بیان میں فپواسا نے کہا ہے کہ ڈاکٹر سردار خان کو تین سال کے لئے کوہاٹ یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا تھا انکی مدت دسمبر 2023 میں ختم ہو رہی ہے۔ اس وقت وہ مزید تین سال کے لئے توسیع لینے کے لئے کوشاں ہیں جبکہ ان کو کوہاٹ یونیورسٹی کی اکیڈمک ایسوسی ایشن کی طرف مختلف الزامات کا سامنا ہے اور ان الزامات کا چانسلر نوٹس لے چکے ہیں۔