پاکستان کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والی ٹیلی ویژن چینل ’’جیو انٹرٹینمنٹ ‘‘ پر پیش کیے جانے والی ترکیہ کی ڈراما سیریز ’’ کرولش عثمان‘‘ جس نے نہ صرف پاکستان، بلکہ دُنیا بھر میں دُھوم مچا رکھی ہے اور چوتھے سیزن کے خاتمے کے بعد اب نئے سیزن کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں اور نئے سیزن میں ناظرین کو بہت سے سرپرائز بھی ملنے والے ہیں۔ ڈراما سیریز’’ کرولش عثمان ‘‘ کے پروڈیوسر اور ڈائیریکٹر مہمت بوزداع جنہوں نے سب سے پہلے’’ارتغرل غازی‘‘ ڈراماسیریز سے عالمی شہرت حاصل کی تھی اور ان کے اس ڈراما سیریز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ڈراماسیریز کے طور پر رقم کیا گیا ہے۔
’’ارتغرل غازی‘‘ کے ڈراما سیریز ہی کے دوام کی حیثیت رکھنے والے’’کرولش عثمان‘‘ ڈراما سیریز میں سلطنتِ عثمانیہ کے قیام سے متعلق مختلف پہلووں، سازشوں، جنگوں، فتوحات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ ڈراما سیریز اپنے پانچویں سیزن میں مختلف سرپرائز دیتے ہوئے جاری رہے گا، یہاں پر اپنے قارئین کو یہ خوش خبری بھی دیتے چلیں کہ یہ ڈراما سیریز نئے سیزن میں مزید کئی ایک ناموں اور سرپرائز کے ساتھ جاری رہے گی۔ تاہم اس وقت اپنے قارئین کو ایک اور خوش خبری دیتے چلیں کہ مہمت بوزداع نے دنیا کے تیسرے بڑے اور یورپ کے سب سے بڑے فلمی سیٹ یا اسٹوڈیو کے دروازے دُنیا بھر کے شائقین کے لیے کھول دیے ہیں۔
بوز داع ڈراما سیٹ یا اسٹودیو کو دیکھنے کے لیے اور ڈرامے کے اداکاروں سے ملنے کے لیے شائقین کا ہر وقت رش لگا رہتا ہے، جب کہ بہت بڑی تعداد میں اس سیٹ یا اسٹوڈیو کو دُنیا کے دور دراز کے ممالک سےآنے والے شائقین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جیو انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل پر دیکھے جانے والے اس ڈرامے کے سحر میں مبتلا افراد بڑی تعداد میں استنبول کے براعظم ایشا کے بیکوز ( Beykoz) میں واقع سیٹ یا اسٹوڈیو میں اردو زبان جاننے اور بولنے والے شائقین کی بھی بڑی تعداد دکھائی دے رہی ہے۔
کرولش عثمان، ڈراما سیریز کو صرف اردو زبان ہی میں ڈب نہیں کیا گیا ہے، بلکہ دنیا کی کئی ایک زبانوں میں ڈب کرکے اسے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس ڈرامے کے سیٹ کو دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین نہ صرف ڈراما کے اداکاروں کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کرتے ہیں، بلکہ انہیں تاریخ کے اوراق میں جھانکنے کا موقع ملتا ہے اور ڈراما سیریز کی خیمہ بستی، اس دور کے بازاروں، تاریخی عمارتوں اور قلعوں کو بھی قریب سے دیکھنے کا موقع میسر آتا ہے۔ شائقین یہاں پر اپنے آپ کو اس تاریخی ڈرامے کا ایک کردار ہونے پر پر یقین کرنے لگتے ہیں۔
یہ سیٹ مصنوعی سیٹ ہونے کا آپ کو ذرہ بھر بھی احساس نہیں ہونے دیتا ہے، بلکہ آپ اپنے آپ کو اس دور کا ایک کردار ہی سمجھتے ہیں۔ بوزداع ڈراما سیٹ پر آنے والے شائقین ، گینچ بازار ، اِنے گیول قلعہ، ینی شہر، مارمارجیک قلعہ، کولوجا حصار، سوعت، خرزم شاہ پیلس اور سب سے اہم قائی اوبا ، یا قائی بیٹھک وغیرہ دیکھ سکتے ہیں۔ اس ڈراما سیٹ پر شائقین کو اس دور کے ملبوسات زیبِ تن کرنے، گھوڑ سواری کرنے ، قائی قبیلے کے افراد کی روز مرہ زندگی کے مختلف پہلووں کو نہ صرف قریب سے دیکھنے کا موقع میسر آتا ہے، بلکہ ان سب کو اس ڈرامے کے سیٹ پر تصاویر بنوانے اور ویڈیو بنانے کا بھی موقع مل جاتا ہے۔
اس ڈرامے کے سیٹ پر آنے والے شائقین اپنا پورا دن اس سیٹ پر گزار سکتے ہیں ، مختلف حصوں کا دورہ کرسکتے ہیں۔ مہمت بوزداع نے یہاں پر آنے والے سیاحوں کے لیے ایک قدیم طرز کاجدید سہولیات کے ساتھ ریسٹورانٹ بھی قائم کررکھا ہے، تاکہ اس سیٹ پر آنے والے شائقین ، کافی چائے، مشروبات، اور ترک کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں اور تھوڑی دیر بیٹھ کر ریسٹ بھی کرسکیں۔ ہر روز شام کے وقت شائقین کے لیے لائیو شو کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں ڈرامے میں حصہ لینے والے اداکار نہ صرف شائقین میں گھل مل جاتے ہیں، بلکہ ڈرامے میں اپنے پیش کردہ کردار کی کچھ جھلکیاں لائیو بھی پیش کرتے ہیں، یہاں سیٹ پر ہی تِیر اندازی ، ریسلنگ اور ہارس شوپیش کیا جاتا ہے، جس میں شائقین بڑی گہری دل چسپی کااظہار کرتے ہیں۔
اس سیٹ پر سب سے زیادہ رش، کورولش عثمان کے مرکزی کردارعثمان بے کےمرکزی خیمہ پر دکھائی دے گا۔ اس خیمہ میں شائقین عثمان بے کے پہنے ہوئے یونیفارم کو پہننا اپنے لیے ایک اعز از سمجھتے ہیں اور ہاتھ میں تلواراٹھائے پوز دینے کو اپنا ایک اہم فریضہ سمجھتے ہیں۔ سوعت کے علاقے میں قطار در قطار موجود خیموں کو شائقین ایک ایک کرکے اس کے اندر جھانکنے کو اپنے لیے خوشی کا سب سے بڑا وسیلہ سمجھتے ہیں اور ان کی خوشی اس وقت دوبالا ہوجاتی ہے، جب کوئی اداکار ان کے قریب آ کر ان سے بات چیت کرتا ہے۔
جیسا کہ ہم چکے ہیں کہ یہاں پر موجود قدیم طرز کے جدید ریسٹورنٹ میں روایتی شربت سے بھی لطف انداز ہوسکتے ہیں اور اگر آپ کافی پینا چاہیں تو بوزداع ڈرامے کے سیٹ پر کافی اور خاص طور پر ترکش کافی سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور اپنی دن کی تھکن دُور کرتے ہوئے شام کو ہونے والے لائیو شو کے لیےاپنے آپ کو ترو تازہ محسوس کرسکتے ہیں۔
اسی سیٹ پر گفٹ شاپ بھی موجود ہے، جہاں ہر وقت خریدو فروخت کرنے والے شائقین کا تانتا بندھا رہتا ہے ۔ شائقین اس گفٹ شاپ میں رکھے گئے، ڈراما سیریز میں استعمال ہونے والے ملبوسات، شالوں، تلواروں، نیزوں اور دیگر تمام اشیاء کو خرید سکتے ہیں اور اپنے ساتھ لے جاسکتے ہیں۔ بوزداع ڈرامے کے سیٹ پر برصغیر پاک و ہند کے علاوہ لاطینی امریکا ممالک سے لے کر مشرقِ وسطی، وسطی ایشیا، افریقا، بلقان جیسےخطوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ ترکیہ کے مقامی باشندے بھی بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔
بوزداع فلم بورڈ کے چیئرمین، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر مہمت بوزداع نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے وہ پاکستان کے عوام کو سلامِ محبت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور پاکستان کے عوام ہمارے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں اور ان کے لیے پاکستان کو الگ ہی مقام حاصل ہے ۔ اس سال موسمِ سرما میں ستمبر، اکتوبر ، نومبر، دسمبر یا جنوری جو مہینے بھی مناسب ہوئے، میں آپ ہی کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہوں۔ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے بھی ہمیں کئی بار پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے ۔ ہم پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنا چاہتے ہیں۔
میں نے پہلے بھی بتایا تھا ہم (مغل حکمران) بابر کے بارے میں ڈراما سیریز بنانا چاہتے ہیں ۔ یہ ہمارا مشترکہ منصوبہ ہوسکتا ہے۔ ہم اسے حقیقت کا روپ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے کے سیٹ پر پاکستان کے صدر عارف علوی بھی آچکے ہیں۔ انہیں بھی ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی اور کرولش عثمان بے حد پسند ہیں۔
انہوں نے اس ڈراما سیریز کے Concept تبدیل کیے جانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں ہم نے اپنی کہانی میں جن ہیروز کو پیش کیا ہے، وہ عالمی شہرت یافتہ ہیں، جو عالمی تاریخ پر اپنے انمٹ نقوش چھوڑنے والی ممتاز شخصیت ہیں اور شائقین نے اسی وجہ سے اس ڈراما سیریز کو بے حد پسند کیا۔
انہوں نے سیٹ کے عوام کے لیے دروازے کھولنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بیرون ملک بہت سے ایسے سیٹ دیکھے ہیں، جو فلم یا ڈرامہ مکمل ہونے کے بعد عوام کے لیے کھول دیے گئے اور ہم نے بھی ایسا ہی کیا ہے، تاکہ عوام شوٹنگ والے مقامات اور سازو سامان کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔
مہمت بوزداع نے کہا کہ انہیں یہاں یورپ کا سب سے بڑا فلم سیٹ قائم کرنے پر فخر ہے اور پہلے دن سے ہی دیکھنے والوں نے بڑی گہری دل چسپی لی ہے ۔ دور دراز کے ممالک کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی اس سیٹ کا دورہ کرتے ہیں اور یہاں پر ڈرامے سے متعلق ہونے والے لائیو شو میں بھی بڑی گہری دل چسپی لیتے ہیں۔ بوزداع ڈرامہ سیٹ ’’ارطغرل غازی ‘‘سے لے’’ کرولش عثمان‘‘ اور ’’داستان‘‘ جیسی کام یاب ٹی وی سیریز کی میزبانی کررہا ہے۔