لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کی حکمران پارٹی نے ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کا سہارا لے کر صوبے کو جنگل بنا دیا،بچیاں تک محفوظ نہیں، 40برسوں سے حکمرانوں کی شکل میں ڈاکو راج مسلط ہے، ملک پر 75برسوں سے مسلط حکمران اشرافیہ مسائل کی براہ راست ذمہ دار ہے، ان سے جان چھڑانا ہو گی۔ جماعت اسلامی ہی ڈاکو اور ظالم راج کا مقابلہ کر سکتی ہے، قوم ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور کے قصبے رانی پور میں مقامی جاگیردار کے ظلم کا شکار بچی فاطمہ کے خاندان کے لیے انصاف کے حق میں احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم فاطمہ کے قاتلوں کو عبرت ناک سزا دی جائے، خاندان کو انصاف نہ ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔قبل ازیں امیرجماعت نے اسد اللہ بھٹو، حسین محنتی اور قیصر شریف کے ہمراہ رانی پور میں فاطمہ کے والد اور بھائیوں سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ امیر جماعت جڑانوالہ جلاؤ گھیراؤ سے متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ملاقات کے بعد منگل کی صبح سندھ کے دورہ پر روانہ ہوئے۔ انہوں نے سکھر میں قتل کیے جانے والے صحافی جان محمد مہر کے اہل خانہ اور مقامی صحافیوں کے احتجاجی دھرنا میں بھی شرکت کی۔