ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ شہر اولیاء میں ایشیا کرکٹ ٹورنامنٹ کی بھرپور میزبانی کے لیے مکمل تیار ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ شائقین کے لیے سٹیڈیم اور روٹس پر مثالی انتظامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ پرامن ماحول میں کرکٹ میچ کے انعقاد کے لیے سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سی پی او ملتان منصور الحق رانا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید بھی اجلاس میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرکٹ میچ میں شائقین کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر خصوصی شٹل بس سروس چلائی جائے گی جبکہ سٹیڈیم کے باہر پارکنگ کا فول پروف سسٹم نافذ کیا جائے گا۔ تمام ضلعی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کرکٹ میچ کے کامیاب انعقاد کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سی پی او نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس فورس مکمل تیار ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ میچ کے کامیاب انعقاد کے لیے پولیس فورس مکمل صلاحیتوں کے ساتھ امن و امان کی فضا قائم رکھے گی۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے میچ کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی۔