لاہور(آصف محمود بٹ) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط کرسکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان بورڈ کے دورہ کے موقع پر جنگ گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔قبل ازیں برطانوی ہائی کمشنر نے قذافی اسٹیڈیم میں باقائدہ کرکٹ کٹ پہن کر خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی خواتین اور مردوں کی کرکٹ ٹیموں کی اگلے سال انگلینڈ جانے اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے کی کی منتظر ہوں۔ مس جین میریٹ کی پی سی بی آمد پر چیئرمین ذکاء اشرف اور دیگر آفیشلز نے ان کا استقبال کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف اور دیگر بورڈ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سیکورٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ مس جین میریٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کرکٹ کو بے حد پسند کرتے ہیں اور یہ کھیل دونوں ملکوں کو اور عوام کے رشتے کو مزید مضبوط کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس کیلئے وہ پر عزم ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے قذافی اسٹیڈیم میں باقائدہ کرکٹ کٹ پہن کر خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ سابق پاکستانی انٹرنیشنل پلئیر مرینا اقبال نے انہیں کٹ پہننے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کرنے کی ٹپس بھی دیں۔ جین میریٹ ایک گھنٹہ تک گرائونڈ میں گرائونڈ میں کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ خواتین کھلاڑیوں سے محو گفتگو رہیں۔