• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی جماعتیں اداروں پر حملوں سے باز رہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف سوشل میڈیا مہم قابل مذمت، وزارت قانون

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزارت قانون نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کے خلاف سوشل میڈیا مہم کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی جماعت کی جانب سے چیف جسٹس کے خلاف سوشل میڈیا پر پرپیگنڈا مہم ایک غیر ذمہ دارانہ عمل ہے ‘سیاسی جماعتیں ملکی اداروں پر حملے سے باز رہیں۔ 

اتوار کووزارت قانون کی جانب سے جاری بیان میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر ایک سیاسی جماعت کی طرف سے سوشل میڈیا کے ذریعے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے خلاف منظم سوشل میڈیا مہم توہین عدالت ہے۔ یہ مہم عدلیہ کے خلاف ایک منظم مہم اور حملہ ہے۔یہ پی ٹی آئی کی روش ہے کہ جب بھی فیصلہ آنا ہو عدالت اور جج کو ٹارگٹ کیا جائے۔

 ادھراسلام آباد ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے جسٹس عامر فاروق کیخلاف مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق غیر جانبدار اور دیانت دار جج ہیں۔

جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق اپنی اصول پسندی کی وجہ سے مشہور ہیں، ان کے خلاف منفی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اہم خبریں سے مزید