اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف نے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے باعث روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کااظہار کیا اور کہا کہ اس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، ن لیگ حکومت میں آ کر ملک سے مہنگائی کاخاتمہ کرے گی۔
پاکستان مسلم لیگ کے قائد میاں نوازشریف اور سابق وزیر اعظم و صدر مسلم لیگ میاں شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے امیدوار این اے 60 سجاد خان نے لندن میں ملاقات کی اس موقع پر مسلم لیگ ن لاہور کے سیف الملوک کھوکھر، فیصل کھوکھر، سینیٹرافنان اللہ خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
سجاد خان کے مطابق اس موقع پر میاں نوازشریف کی وطن واپسی کے مختلف امور پر مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ میاں نوازشریف رواں سال اکتوبر میں پاکستان آئیں گے جبکہ ملک کی موجودہ سیاسی، اقتصادی اورمعاشی صورتحال سمیت ملک کو درپیش مختلف مسائل،بحرانوں اور چیلنجز پرتفصیلی غوروخوض کیاگیا۔