وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 4 سرکاری اسپتال میگنٹک ریسوننس امیجنگ (ایم آر آئی) مشین کی سہولت سے محروم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن (این آئی آر ایم) اسپتال میں ایم آر آئی مشین موجود تھی۔
وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کی ایم آر آئی مشین گزشتہ برس خراب ہوئی تھی، پمز کی ایم آر آئی مشین کیلئے ایل سی گزشتہ برس اپریل میں کھولی گئی۔
اسلام آباد کےنیرم اسپتال کی ایم آر آئی مشین 3 ماہ قبل خراب ہوئی، نیرم اسپتال کی نئی ایم آئی آر کیلئے فرم کو سپلائی آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولی کلینک اسپتال کیلئے ایم آر آئی مشین کی خریداری جاری ہے۔ پولی کلینک کیلئے ایم آر آئی جاپانی امداد سے خریدی جا رہی ہے، فیڈرل گورنمنٹ اسپتال میں ایم آر آئی مشین کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔