• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام انتخابات 90 دنوں میں کرائے جائیں، اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار رہے،سراج الحق

سکھر/شکارپور(نیوز ایجنسیز/بیورو رپورٹ / نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار رہے، ہم چاہتے ہیں جلد از جلد انتخابات ہوں، آئین کے مطابق 90 دنوں میں الیکشن کرائے جائیں، انگریز نے اپنے دور میں ریلوے کی پٹری کو کہاں تک پہنچایا ہمارے حکمرانوں نے صرف ریلوے کی زمینوں پر قبضہ کیا، انگریز کے دور میں قانون کی حکمرانی تھی یہاں دو پاکستان ہیں ایک اشرافیہ اور ایک ہم غریبوں کا۔موجودہ حکومت نے مہنگائی اور ڈاکو راج کنٹرول نہ کیا تو اسلام آباد لانگ مارچ کرینگے۔سندھ میں 15 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے لیکن اس نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا یہاں ڈاکو راج ہے۔ وہ سکھر ہائیکورٹ بار اور شکارپور میں ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت نازک موڑ پر ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ پاکستان میں عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں، حکمران اپنے لئے کام کر رہے ہیں، کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے، ہم نے مل کر ملک کو مستحکم بنانا اور عوام کے مسائل حل کرنا ہیں، جو نعرا نواز شریف نے لگایا کہ مجھے کیوں نکالا آج عمران خان بھی وہی نعرہ لگا رہا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ آئین کے مطابق 90 دن میں صاف و شفاف انتخابات کراکے اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کیاجائے،عدالت الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار رہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں عدالتوں میں انصاف بکتا ہے اس بات کا اعتراف ہم سے زیادہ تو خود ججز کرتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید