کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیم ہفتے کوایشیا کپ کرکٹ میں پالی کیلے میں روایتی حریف بھارت سے نبرد آزما ہونگے۔
دونوں کپتانوں نے جیت کے حوالے سے کوئی بڑا دعویٰ نہیں کیا۔
پاکستان اور بھارت میں گھمسان کا رن پڑیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی صبح سے دوپہر تک بارش کا امکان ہے۔ لیکن میچ دیر سے شروع ہوسکتا ہے۔ وکٹ کے بارے میں تاثر ہے کہ اس کا رویہ وہی ہوگا جو بنگلہ دیش اور سری لنکا میچ میں تھا۔
اسپنرز اور پیسرز فائدہ اٹھائیں گے۔ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ بہتر ہوسکتا ہے۔ ٹورنامنٹ اہم ترین میچ کیلئے سیکیورٹی سخت رکھی گئی ہے۔ تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔
پاکستان نے نیپال والے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔ کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا ٹیم پر کوئی پریشر نہیں ہے، لڑکے پرجوش ہیں، اپنا مومینٹم برقرار رکھیں گے۔
میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈھائی ماہ سے سری لنکا میں ہی ہیں،افغانستان کے خلاف سیریز یہیں کھیلی اور کچھ کھلاڑیوں نے لنکا پریمیر لیگ میں بھی حصہ لیا، کنڈیشز بارے کافی چیزیں معلوم ہیں ۔
بہترین پرفارمنس کرنے کی کوشش کریں گے، ہمارے مڈل آرڈر کے مسائل کافی بہتر ہوچکے ہیں، افتخار احمد ، شاداب خان اور آغا سلمان نے بہت اچھا رسپانس دیا ہے۔