• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی مسئلے کا فوری حل نہیں ہے، سینیٹر اسحاق ڈار

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کسی بھی مسئلے کا فوری حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کے اتار چڑھاؤ اور اضافے کے لئے مٹھی بھرعناصر کی قیاس آرائیاں ذمہ دار ہیں اور ریاست کو ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے روپے کی موجودہ حالت اور عوام پر بجلی کے بلوں کے بارے میں پوچھے جانے پر اسحاق ڈار نے کہا کہ ریاست کو قیاس آرائی کرنے والوں سے نمٹنا ہے، وہ پاکستان کی معیشت کو یرغمال نہیں بنا سکتے۔ مٹھی بھر لوگ اپنے ذاتی فائدے کے لئے قیاس آرائیوں میں ملوث ہیں۔ یہ اصل قیمت نہیں ہے۔ یہ سب قیاس آرائیاں ہیں۔ جب ان سے پی ڈی ایم حکومت کی کارکردگی اور ان کے ماتحت معیشت کی کارکردگی کے بارے میں پوچھا گیا تو اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا فوری حل نہیں ہے۔ جب ہم نے 2013ء میں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو سنبھالا اور 2018ء تک اقتدار میں رہے تو ہم نے ڈیلیور کیا۔ ہمارے پاس بہترین اسٹاک مارکیٹ تھی۔ مہنگائی کم تھی اور پاکستان ہر سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا تھا۔ ہم ایک علاقائی طاقت اور ایک اہم بین الاقوامی کھلاڑی بن چکے تھے۔ ہم جی 20 میں داخل ہونے والے تھے اور دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکے تھے لیکن وہ سفر روک دیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی بے دخلی کے بعد پاکستان کی معیشت اس وقت سنبھالی، جب پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک تاثر تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو سکتا ہے لیکن پی ڈی ایم حکومت نے ایسا نہیں ہونے دیا۔

یورپ سے سے مزید