• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کا عالمی عدالت میں جانے کا اعلان ریاست مخالف، ن لیگ

لاہور (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ عمران خان کا عالمی عدالت جانا اوراپنے لئے ملعون رشدی کے وکیل کو ہائر کرنا ریاست کیخلاف ہے۔ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے انسانی حقوق کامقدمہ بناکرعالمی عدالتوں میں جارہے ہیں۔ ن لیگ کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میں ریاست مدینہ کے جھوٹے دعوے اور باہر کی دنیا میں اسلام مخالف لابی سے مدد کی اپیل، ‏سلمان رشدی دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث ہے۔ مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے مزید کہا ‏منافقت کی بھی حد ہوتی ہے۔مریم نواز نے کہا کتنے تعجب کی بات چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی نمائندگی کرنے کیلئے اسی وکیل کا انتخاب کیا جس نے ملعون سلمان رشدی کا مقدمہ لڑا تھا، اگر انہی لوگوں کے ساتھ ملکر پاکستان کیخلاف ساز باز کرنا ہے تو ریاستِ مدینہ کا دعویٰ کیوں؟مریم نواز نے کہا یہی چیئرمین پی ٹی آئی کا دوہرا چہرہ ہے۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی عدالتوں میں دو ممالک کےدرمیان تنازعات لے جائے جاتے ہیں۔ اب یہ ملک کو عالمی عدالت میں گھسیٹ رہے ہیں۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاست کو مذہب کے ساتھ گڈمڈ کرنے کے ہم قائل نہیں ۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملعون رشدی کے وکیل کو فخر سے اپنا وکیل کرنے کا اعلان کیا ۔ جیفری رابرٹ سن چیئرمین پی ٹی آئی کی نمائندگی کریگا ۔ کیا آپ کو صرف وہی ایک وکیل ملا تھا، کیا دنیا میں اور قابل وکلا نہیں ہیں ؟ جیفری رابرٹ ریاستوں کیخلاف کام کرنے والوں کی وکالت کرتا رہا۔ جیفری رابرٹ سن نے ملعون سلمان رشدی کو اپنے گھر میں پناہ دےرکھی تھی۔ عطاتارڑ نے کہا کہ آپ کے قول وفعل میں تضادرہا مگرآج تمام حدیں پارکردیں، اپنی سیاست بچانے کیلئے دنیا کو پیغام دیاجارہاہے پاکستان محفوظ نہیں۔ اپنی حمایت کیلئے اسلام اور ملک دشمنوں کو کھڑا کیا جارہاہے۔ ملک دشمنی کے بعداسلام دشمنی شروع کردی گئی۔

اہم خبریں سے مزید