لندن (نیوز ڈیسک) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر باسکٹ بال جتنا بڑا سونے کا یادگاری سکہ تیار کرلیا گیا۔برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم گزشتہ سال 8ستمبر کو 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی کے موقع پر 3کلو سے زائد سونے اور ہزاروں ہیروں کی مدد سے ایک یادگاری سکہ تیار کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ا س خصوصی سکے کو ماضی کی برطانیہ کی سلطنت پر راج کرنے والی ایسٹ انڈیا کمپنی کے نام سے منسوب لائف اسٹائل برانڈ نے تیار کیا ہے۔اصل ایسٹ انڈیا کمپنی 1874میں تحلیل ہونے سے پہلے تقریباً 300سال تک کام کرتی رہی۔تاہم بھارتی نژاد برطانوی تاجر سنجیو مہتا نے 2005میں اس کمپنی کے نام کو لائف اسٹائل برانڈ کے طور پر دوبارہ استعمال کرنے حقوق حاصل کیے تھے۔کمپنی کے مطابق اس یادگاری سکے کو ʼدی کراؤن ʼکا نام دیا گیا ہے جبکہ اس میں 6 ہزار 424ہیرے استعمال کیے گئے ہیں۔اس خصوصی سکے کی مالیت 23ملین ڈالرز (یعنی 7ارب پاکستانی روپے) سے زائد ہے، یہی وجہ ہے کہ سکے کو اب تک کے سب سے قیمتی سکوں میں شمار کیا جارہا ہے۔ اس سکے کا قطر 9.6انچ سے زیادہ ہے جوکہ ایک باسکٹ بال کے سائز سے بڑا ہے، اس کے ڈیزائن میں تقریباً 24قیراط کے ایک درجن سونے کے سکے جڑے ہوئے ہیں، درمیان میں 2 پاؤنڈ سے زائد کا سونے کا سکہ لگایا گیا ہے جبکہ اس کے اطراف میں ایک اونس کے وزن کے 10سکے لگائے گئے ہیں جس پر ملکہ کی تصاویر بنی ہوئی ہیں۔ برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی تصویر والے سکے منظر عام پر آگئے۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 96سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔سکے کی دوسری جانب ہزاروں ہیروں کو برطانیہ کے جھنڈے کی شکل میں لگایا گیا ہے جبکہ درمیان میں ایک بڑا سکہ جڑا گیا جس پر ملکہ کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ اس یادگاری سکے کو تیار کرنے میں برطانیہ، بھارت، سنگاپور، جرمنی اور سری لنکا کے کاریگر اور ماہرین نے حصہ لیا۔ سکے کی تیاری میں ایک سال سے زائد کا عرصہ لگا، جس کا مطلب ہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی موت سے قبل ہی اس کی تیاری شروع کردی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر تیار کیے گئے اس یادگاری سکے کو سرکاری حیثیت حاصل نہیں ہے۔