کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر) بجلی ،گیس ،پیٹرول ،ڈیزل اورچینی سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوںمیں اضافے کے خلاف گزشتہ روز عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔مظاہرے کی قیادت ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کامریڈ نذرمینگل کررہے تھے ۔مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلےکارڈز اٹھارکھے تھے ۔جن پر بجلی ،چینی ،پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیائے خوردو نوش اور بنیادی ضرورت کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافے،آئی ایم ایف ،آئی پی پیز کی پالیسیوں اور قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکامریڈ نذر مینگل ،ادا عبدالرحمان سنگت،کمیونسٹ پارٹی کے سلطان یحییٰ اور کیو ڈی اے ایمپلائز ایسوسی ایشن کے غلام مصطفیٰ نےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمران اور معاشی پالیسیاں بنانے والے ہوش کے ناخن لیں ۔عوام کے لیے جینا مشکل بنادیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ اب سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ خود عوام سڑکوں پر نکل رہے ہیں اور یہ سب کچھ حکمرانوںکی غلط معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نےکہاکہ ہمارے بچوں کی نیند حرام کرنے والے حکمرانوں کو ہم چین کی نیند سونے نہیں دیں گے ۔انھیں استحصالی معاشی پالیسیاں بدلنے پر مجبور کریں گے ۔ بھوک اور افلاس غریب کا مقدر نہیں بلکہ یہ عالمی اورملکی مالیاتی اداروں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے انہوں نے کہاکہ عوام جاگ جائیں اور حکمرانوں سے اپنے حقوق چھیننےکے لیے متحد ہوجائیں ۔قبل ازیں ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی پریس کلب سے ہوتی ہوئی کچہری چوک،منان چوک ،جناح روڈ ،سرکلر روڈ اور عدالت روڈ پر پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی کے شرکا ء نے مہنگائی ،حکمرانوںاور قومی و بین الااقوامی مالیاتی اداروں کی پالیسیوں کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی ۔