حیدرآباد، نوابشاہ (بیورو رپورٹس) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے اتحادی ڈر کے مارے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں،سیاست میں ’جو ڈر گیا وہ مر گیا‘، ڈر کر بھاگنا پیپلز پارٹی کی تربیت نہیں، پی ٹی آئی کی عوام دشمن سلیکٹڈ قیادت کا مقابلہ عوام کی طاقت سے کرینگے،ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن لڑنے سے ڈر گئی تو پھر کیا ہوا، میئر حیدرآباد تو دور کی بات 2 ٹاؤن بھی پی ٹی آئی سے نہیں بچاسکی، پیپلزپارٹی کندھوں پر لاشیں اٹھاکر الیکشن لڑنے کی عادی ہے،ہم ماضی میں الیکشن سے بھاگے اور نہ آج بھاگ رہے ہیں، اتنی کردار کشی کی گئی کہ صرف سندھ میں کچرا ہوتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ باقی ملک میں تو کچرا ہوتا ہی نہیں ہے، آج عوام مہنگائی کے سونامی میں دب گئےہیں،اشرافیہ جماعتیں حکومت میں ہوتی ہیں تو اپنے سرمایہ داردوستوں کوفائدہ پہنچاتی ہیں، ریٹائرمنٹ کے بعد جوڈیشری، بیوروکریسی، فوج کو پلاٹ مل سکتے ہیں تو عام آدمی کو بھی مل سکتے ہیں، سیلاب متاثرین کو پلان کے تحت ریلیف دینا چاہ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسین آباد میں فلٹر پلانٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں مقابلہ کرنا ضروری ہے‘ بلدیاتی الیکشن لڑنے کیلئے ایم کیو ایم کو بہت کہا بس انکے پاؤں نہیں پڑا‘ نتیجہ یہ ہوا کہ میئر حیدرآباد تو دور کی بات 2ٹاؤن بھی پی ٹی آئی سے نہیں بچاسکے۔ انہو ں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کی ہے‘ جناح ہاؤس او ر جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والوں کو ہمارا پیغام ہے کہ ہم آرہے ہیں اور مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیالوں نے مشکل حالات میں عمران نیازی کی ملیر میں ضمانت ضبط کی اور ملتا ن میں شکست دی اسی طرح ملک بھر میں اسکی ضمانت ضبط کردینگے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میں شہر شہر جاکر پیپلز پارٹی کیخلاف پروپیگنڈا کا جواب دوں گا اور عوام کا بتاؤں گا کہ جس طرح حیدرآباد کو پانی دیا ہے اسی طرح ملتان، فیصل آباد اور پشاور کو پانی دینا چاہتا ہوں، اس لیے آئیں، پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی 12کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا ارادہ رکھتے ہیں‘میرا وعدہ ہے کہ موقع ملا تو پسماندہ علاقوں کے مکینوں کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیئے جائینگے‘آنے والے الیکشن میں ہم کارکردگی اور گورننس پر الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی کرادارکشی کی گئی کہ سندھ میں کچرا ہے اور باقی پاکستان تو صاف ہے اور جنت بنا ہوا ہے‘ دوسرے صوبوں میں کچرا تو جیسے ہوتا ہی نہیں اور چاروں طرف خوبصورتی ہے لیکن میرے بھائیوں اور بہنوں کو پتہ ہے جب ایم کیو ایم کی ذمہ داری تھی تو ہرجگہ جگہ کچرا ہوتا تھا۔