• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ میں پاکستان کو بھارت سے بدترین شکست، قوم برہم، 356 کے جواب میں صرف 128 تک محدود

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کرکٹ میں بارش بھی پاکستان کو نہ بچاسکی ۔ بھارت نے 228رنز کی بدترین شکست دے دوچار کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔ اس شرمناک کارکردگی نے کرکٹ فینز اور قوم کو برہم کردیا۔ یہ پاکستان کی بھارت کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی اور مجموعی طور پر رنز کے اعتبار سے دوسری بدترین شکست ہے۔ پاکستان 2009 میں آسٹریلیا سے 234 رنز سے ہارا تھا۔ پیر کی شب کولمبو میں بولروں کی بدترین کارکردگی کے بعد بیٹنگ لائن بھارتی بولنگ کے سامنے مزاحمت نہ کرسکی۔پاکستانی فیلڈرزنے بھی خراب فیلڈنگ کا مظاہر ہ کیا ۔ کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے سنچریاں بناکر پاکستانی بولنگ کی دھجیاں اڑا دیں ۔ بھارت نے دنیا کے بہترین بولنگ اٹیک کے خلاف دو وکٹ پر356رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کردیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 8وکٹ پر128رنز بناسکی۔ اسپنر کلدیپ یادیو نے8اوورز میں25رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ حارث اور نسیم بیٹنگ کے لئے نہ آسکے ۔ یہ بھارت کی سپر فور میں پہلی کامیابی ہے۔ میچ کا فیصلہ دو دن میں ہوا۔ اس شکست کے بعد پاکستان کو فائنل میں جانے کیلئے بدھ کو سری لنکا کو شکست دینا ہوگی۔ بھارت اور سری لنکا کا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور افتخار احمد نے23،23 رنز بنائے۔ امام الحق کو جسپریت بمرا نے نو رنز پر سلپ میں شبھمن گل کا کیچ بنایا۔ بابراعظم کو اپنا پہلا رن حاصل کرنے میں بڑی دشواری پیش آئی، آٹھویں اوور میں محمد سراج کی زور دار اپیل پر خوش قسمت ثابت ہوئے اور آؤٹ ہونے سے بچ گئے ۔ لیکن وہ ہاردک پانڈیا کی گیند پر 24 گیندوں پر 10 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔ اس موقع پر بارش نے کھیل روکا لیکن میچ دوبارہ شروع ہونے پر پہلے اوور میں محمد رضوان دو رنز بناکر شاردل ٹھاکر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان کی خراب فارم کا سلسلہ جاری رہا،وہ50 گیندوں پر27رنز بناکرکلدیپ یادیو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شاداب خان چھ، فہیم اشرف چار رنز بناسکے۔ شاہین آفریدی سات رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

اہم خبریں سے مزید