کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمٰی کراچی کے ماتحت عباسی شہید اسپتال کے شعبہ حادثات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زخمی اسپتال کے شعبہ حادثات میں موجود ہے لیکن ڈاکٹرز اور عملہ غائب ہے۔تفصیلات کے مطابق دس ستمبر کی رات فائرنگ کا زخمی عباسی شہید اسپتال لایا گیا تھا،طبی سہولتیں نہ ملنے پراس کے اہلِ خانہ کی جانب سے موبائل سے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کردی گئی ۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعبہ حادثات کے ڈاکٹرز نےزخمی مریض کا علاج کرنے سے انکار کردیا۔ زخمی کے اہلخانہ ڈاکٹرز اور عملے کو تلاش کررہے ہیں،بعد میں ڈاکٹرز کی عدم دستیابی پر اہلِ خانہ نے زخمی کو نجی اسپتال منتقل کردیا تھا۔ عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا مؤقف ہے کہ زخمی شخص کو ڈرپ لگائی گئی تھی اور علاج شروع کیا جانا تھا۔ لیکن مریض کے اہلخانہ نے جذباتی ہوکر شعبہ حادثات میں ہنگامہ آرائی کی۔ حالات کشیدہ ہونے پر ڈاکٹرز اور عملہ خوف تشدد کے خوف سے چُھپ گیا۔ ڈاکٹرز اور عملے کی عدم موجودگی کی بات غلط ہے۔