کراچی (ٹی وی رپورٹ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو گرفتار کرنے کا فیصلہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کریں گے، اگر وہ سمجھتے ہیں نواز شریف کو ہتھکڑی پہنانی چاہئے تو وہ اس رخ کو اختیار کریں گے اگر سمجھتے ہیں ہتھکڑی پہنانے کی ضرورت نہیں ہے تو اسی وقت فیصلہ کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف الیکشن میں جارہی ہے، ایسا نہیں کہ میں فرمان جاری کردوں کہ پی ٹی آئی سیاسی عمل میں حصہ لے سکتی ہے یا نہیں لے سکتی، درکار قانونی عمل کے بعد حق یا مخالفت میں فیصلہ آنے کے بعد انہیں اپیل میں جانے کا حق حاصل ہوگا،آرمی چیف کا اسمگلنگ کی روک تھام میں بہت اہم کردار ہے، جب بھی فوج سے مدد طلب کی گئی اس کے اچھے نتائج ملے.
اسمگلنگ میں سیاستدان اور بیوروکریسی کے لوگ بھی ملوث ہیں، سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام میں بڑی رکاوٹ ہے،نواز شریف کو وطن واپسی پر گرفتار کرنا ہے یا آزاد چھوڑنا یہ فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا، سیاسی انتقام کیلئے سیاستدانوں کا احتساب نہیں ہونا چاہئے۔