اسلام آباد(جنگ نیوز)نگراں حکومت نے گرانی کے ستائے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا۔
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے پٹرول فی لیٹر 26 روپے 2 پیسے اور ڈیزل 17روپے 34پیسے مزید مہنگا کر دیاجس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیاہے ۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمت کا اطلاق 16 ستمبر(جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب ) سے ہوگیا ہے ۔
جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 38 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے ۔
دریں اثناءپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں نے دہائی دیتے ہوئے کہاکہ عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ‘کوئی سننے والا نہیں ‘لوگ کہاں جائیں ‘ مارنا ہے توایک ہی بار مارڈالیں ‘چیزیں مہنگی کرنے کی بجائے اشرافیہ کے اخراجات کم کریں ‘آئی ایم ایف سے معاہدے کی سزاقوم کو کیوں دی جارہی ہے۔