بہاول پور(توصیف احمد) بہاولپورسے سیکرٹریٹ کے تین بڑے محکمے لاہور منتقل کئے جانے کاانکشاف، بہاولپورسیکرٹریٹ خطرے میں پڑگیا، نگران کابینہ کے ملتان ہونیوالے اجلاس میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹریزکو مکمل نظراندازکرنے کابھی انکشاف سامنے آگیا،تفصیلات کے مطابق ایک طرف بہاولپور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کی تعمیرگزشتہ دوسالوں سے التواء کاشکار ہے جو کہ بہاولپورکیساتھ سنگین ناانصافی ہے جبکہ اس حوالے سے خود ایک سابق وفاقی وزیر نے کھل کراظہارکردیاتھا کہ وہ خود بہاولپورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کونہیں بننے دے رہے اور نہ ہی بننے دینگے ۔ بہاولپورسیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے بہاولپور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تین اہم ترین اوربڑے ڈیپارٹمنٹس جن میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، فنانس اوربورڈ آف ریونیوہے کو ابتدائی طورپرتین ماہ کیلئے لاہورمنتقل کیاجارہاہے۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی لاہورمنتقلی کے باقاعدہ آرڈرز بھی جاری ہوچکے ہیں‘ ذرائع کابتاناتھاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کوچلانے والے یہی تین بنیادی محکمے تھے جن کولاہورمنتقل کیاجارہاہے تو اس کے بعد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی حقیقت میں کوئی حیثیت نہیں رہ جائے گی۔ اس حوالے سے یہ بھی انکشاف کیاگیاہے کہ نگران حکومت اورپنجاب سیکرٹریٹ کے بیوروکریٹس جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو کوئی حیثیت نہیں دیتے۔