اسلام آباد (فاروق اقدس/خصوصی رپورٹ) سفارتکاری کے بین الاقوامی حلقوں میں تیزی سے عروج پانے والے چین کے وزیر خارجہ چنگ گینگ کے بعد اب وزیر دفاع لی شانگفو بھی دو ہفتوں سے منظر سے غائب ہیں اور انہوں نے کئی اہم میٹنگز میں بھی شرکت نہیں کی جس کے بعد عالمی میڈیا میں ان کے حوالے سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ انہیں بدعنوانی کے کسی مقدمے میں سائیڈ لائن کردیا گیا ہے اور اس سے ان اندازوں کو بھی تقویت مل رہی ہے کہ چین بدعنوانی کے خلاف مستقل اقدام کررہا ہے۔ تاہم ابھی تک چین کی جانب سے کسی قسم کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل چین کے وزیر خارجہ چنگ گینگ بھی اچانک غائب ہوگئے تھے بعدازاں ان کی جگہ ایک اور سفارتکار کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا تھا۔ وزیر دفاع لی شانگفو کے حوالے سے قیاس آرائیوں کے بعد ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار نے چین کے وزیر دفاع لی شانگفو کے منظرعام سے غائب ہونے کے بارے میں سوال اٹھایا ہے۔ گزشتہ ہفتے چینی وزیر خارجہ کے ترجمان سے جنرل لی کے بارے میں جب سوال پوچھا گیا تھا تو ترجمان نے کہا تھا کہ انھیں اس صورتحال کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ جنرل لی کو آخری بار29 اگست کو دیکھا گیا تھا۔ اس دن انھوں نے بیجنگ میں افریقی ممالک کے ساتھ منعقدہ سکیورٹی فورم میں شرکت کی تھی۔