ملتان (سٹاف رپورٹر ) کپاس کے کاشتکاروں کی محنت ضائع ہونے سے بچانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون حاصل ہے۔ افواجِ پاکستان کے خصوصی تعاون سے ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے جدید کیمسٹری کا سپرے کیاجا رہا ہے جس سے سفید مکھی کے حملے میں کمی واقع ہورہی ہے،کپاس کی صاف چنائی کے لئے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی بھی کی جارہی ہے تاکہ صاف اور خشک چنی ہوئی پھٹی کا کاشتکاروں کو بہتر معاوضہ مل سکے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے صوبہ میں کپاس کی موجودہ صورتحال سے متعلق لاہور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں کنسلٹنٹ شعبہ زراعت توسیع ڈاکٹر انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زرعی شماریات ڈاکٹر عبدالقیوم اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔