ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ملتان سٹی ،صدر اور شجاع آباد تین تحصیلوں میں صفائی کا نظام خود سنبھالتے ہوئے بازاروں، رہائشی علاقوں اور مختلف مقامات پر صفائی آپریشن تیز کردیا ہے۔ نجی کمپنیوں کے ٹھیکے منسوخ ہونے کے بعد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے براہ راست صفائی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں اور ملبہ جات کی صفائی کے لیے بھاری مشینری اور اضافی افرادی قوت کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی فیلڈ ٹیمیں مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو اٹھانے اور ملبہ جات کی کلیئرنس کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے۔اس سلسلے میں شہریوں میں صفائی کا شعور اجاگر کرنے اور کوڑا کرکٹ سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر پھینکنے کی حوصلہ شکنی کے لیے اینٹی لیٹرنگ اسکواڈ بھی فیلڈ میں متحرک ہے۔ اسکواڈ کی جانب سے تاجر برادری کو صفائی برقرار رکھنے، کوڑا کرکٹ مناسب مقامات پر پھینکنے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران منیر نے کہا کہ نجی کمپنیوں کے ٹھیکے منسوخ ہونے کے بعد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے خود صفائی آپریشن کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔