ملتان (سٹاف رپورٹر ) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبدالقادر خان نے مریضوں اور ان کے لواحقین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں ،نشتر ہسپتال میں پارکنگ میں اوور چارجنگ کی شکایات ایم ایس نشتر کو موصول ہو رہی تھیں جس پر ڈاکٹر عبدالقادر خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملوث عملے کیخلاف قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ایم ایس نشتر کے احکامات کی روشنی میں نشتر سیکیورٹی نے اوور چارجنگ میں ملوث افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا اور ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔دوسری جانب نشتر ہسپتال سیکیورٹی نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک چور کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پچھلے دو ماہ سے نشتر کی راہداریوں میں سوئے ہوئے لواحقین کا سامان چوری کرتا تھا اور مبینہ طور پر نشہ آور جوس پلا کر لوٹتا تھا۔ سکیورٹی ٹیم محمد ارشاد کی سربراہی میں دو ماہ سے اس کا سراغ لگا رہی تھی، ملزم کو آج پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزم کے قبضے سے نشہ آور مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ علاوہ ازیں ایم ایس نشتر ڈاکٹر عبدالقادر خان نے نشتر ہسپتال کی رہائشی کالونی کا بھی وزٹ کیا اور رہائشیوں کے مسائل اور شکایات سنیں۔