کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑاور جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 20 تا 23 ستمبرتک پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، غریب عوام خودکشی پر مجبور ہیں، حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو ملک رہنے کے قابل نہیںرہے گا ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور ایران بارڈر بند کرنا بلوچستان کے غریب عوام کا معاشی قتل ہے اگر اس طرح کے حالات پیدا کئے گئے تو عوام کا جینا دوبھر ہو جائے گا۔ بجلی اور گیس اتنی مہنگی کر دی گئی کہ گھر میں ایک بلب کا 2 سے 3 ہزار بل آتا ہے۔ دوسری طرف حکمران طبقے کے اپنے اخراجات کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ۔ملک معاشی سیاسی و آئینی بحران کا شکار ہے۔ موجودہ حالات میں سیاسی پارٹیوں کا کردار مایوس کن ہے جو صرف اپنی باری کے انتظار میں ہیں۔ وزراء اور بیوروکریسی سے مفت بجلی گیس اور دیگر مراعات واپس لیکر غریب عوام کو ریلیف دیاجائے ۔