• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہوگا، نواز شریف

لاہور (نیوز ایجنسیز / ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف نےکہا ہے کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے ، پاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا، مٹی پاؤ نہیں چلے گا، یہ مٹی پاؤ والا معاملہ نہیں ۔ جبکہ ن لیگ کی صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 21؍ اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کرکے پاناما اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے گرینڈ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے حمزہ شہباز ، احسن اقبال ، رانا ثناء اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ میں سہولتی سینٹر اور انتظامی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔ ادھر شہباز شریف لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور میں مریم نواز کی زیر صدارت ن لیگ پنجاب کا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں حمزہ شہباز، احسن اقبال، رانا ثناء اللّٰہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ پارٹی قائد نواز شریف و ڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی۔ 

بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے ، قوموں کے ساتھ ایسے سلوک کی معافی خدا بھی نہیں دیتا ڈالر 104 روپے پر چار سال رہا، نواز شریف کے دور میں موٹرویز بھی بن رہی تھیں، ترقی بھی ہو رہی تھی اور مہنگائی میں بھی مسلسل کمی آ رہی تھی آٹا ہمارے دور میں پانچ سال 35روپے رہا، آج 160؍ روپے ہے ہمارے دور میں پٹرول 65 روپے تھا، آج 332؍ روپے ہے قوم کو یہ سب حقائق معلوم ہونے چاہئیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے مجرم کون ہیں، قوم کو انہیں معاف نہیں کرنا چاہیے مٹی پاؤ نہیں چلے گا، یہ مٹی پاؤ والا معاملہ نہیں ہے جو قومیں خود احتسابی نہیں کرتیں وہ حالات کے رحم و کرم پر ہی رہتی ہیں، خود احتسابی کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آنے والے وقت کو ملک کے لئے اچھا دیکھ رہا ہوںپاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا۔ مریم نواز نے کہا کہ مرکزی سیکریٹریٹ میں مرکزی فیسیلیٹیشن کنٹرول سینٹرقائم کردیا گیا ہے، جو نواز شریف کے استقبال کےلیے مرکزی کردار ادا کرے گا۔

 نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والا ہر ایک رسوائی سمیٹ کر گھر گیا، 21اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کرکے پانامہ اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے،21اکتوبر ہم سب کے سرخرو ہونے کا دن ہے جب کسی فرد کا نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کا استقبال ہو گا۔ 

حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف نے زخم کھا کر بھی پاکستان کے زخموں پر مرہم رکھا ، نواز شریف کے وزیراعظم بننے کا مطلب مہنگائی کا عذاب کم کرنا ہے ، 

عطا تارڑ نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرولنگ کرنے کی ویڈیو جعلی، آواز ڈب کرکے چلائی گئی ہے، نواز شریف کی پاکستان واپسی اٹل اور 21 اکتوبر کی ڈیٹ فائنل ہے قانونی مشکلات سے نمٹنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، سپریم کورٹ کی براہ راست سماعت ایک تاریخی موقع ہے، جن کو ڈر نہیں ہوتا وہ ایسے اقدام کرتے ہیں، خواجہ طارق رحیم بری طرح بے نقاب ہوئے ہیں، ان کی پٹیشن اور وکالت میں بھی جان نہیں تھی۔

اہم خبریں سے مزید