کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر موبائل مارکیٹ میں پارکنگ مافیا کی غنڈہ گردی جاری ، گھڑی فروش کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا یا اور سر پھاڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق صدر موبائل مارکیٹ میں پارکنگ مافیا نے پتھر مار کر گھڑی فروش کا سر پھاڑ دیا اور زخمی ہونے پر بھی تشدد کا نشانہ بنایا،متاثرہ شخص کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،زخمی عبدالجبار کئی سال سے صدر میں گھڑیاں فروخت کرتا ہے، متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ مجھ سے پارکنگ میں کھڑے ہونے کے زیادہ پیسے طلب کئے گئے اور کہا گیا کہ ایک گھنٹے سے زیادہ یہاں کھڑا نہیں ہونے دیں گے،عبدالجبار نے بتایا کہ روز سو روپے دیتا ہوں لیکن مجھ سے زیادہ پیسے مانگے گئے اور مغلظات بکی گئیں، پتھر اٹھا کر مارا اور میری موٹر سائیکل بھی توڑ پھوڑ دی،متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ میرا موبائل فون بھی توڑ دیا، صبح میں آن لائن بائیک سروس چلاتا ہوں اور دوپہر میں یہاں آکر گھڑیاں فروخت کرتا ہوں۔