اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے پروبیشن کے اہل قیدیوں کی رہائی پر غور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے ،عدم سہولیات کا شکارافراد کی اکثریت غریبوں کی ہے،پروبیشن کی بنیاد پر تمام اہل قیدیوں کی رہائی کا جائزہ لینا ان کا قانونی حق ہے۔سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پر وبیشن پر قیدیوں کی رہائی کے بارے عدالت کے 23نومبر 2015کے آرڈر پر عمل درآمد کے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قیدیوں کی پروبیشن پر رہائی کے قوانین پر عملدرآمد کا حکم دیا ہے،فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ نے جاری کیا ہے ۔فیصلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پروبیشن کے اہل قیدیوں کی رہائی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے و زیراعظم اور صوبوں کے وزرائے اعلی کو پروبیشن قوانین فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔