راولپنڈی ، اسلام آباد، سرائے عالمگیر(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار) مختلف واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں کباڑکا کام کرنے والے عمران کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔دریں اثناء پراسرار طور پر گاڑی سمیت چار سدہ پہنچنے والے کیپٹل پولیس کے کانسٹیبل ملک مختار احمد کی نماز جنازہ منگل کی رات پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں ادائیگی کے بعد میت آبائی گاؤں روانہ کر دی گئی ۔مقتول تھانہ نائن میں تعینات تھا اور دو روز پہلے سے لاپتہ تھا ۔ منگل کو اطلاع ملی کہ چار سدہ کے تھانہ پشتخرہ کی حدود سفید ڈیری نزد قبرستان سے گاڑی سے اس کی لاش ملی۔ ادھر منگل کی شام تھانہ پیرودھائی کے علاقہ منڈی موڑکے قریب واقع ایک ہوٹل کی بالائی منزل پر واقع کمرہ نمبر 107کی کھڑکی سے ایک خاتون (ص) نے چھلانگ لگادی جس سے وہ زخمی ہو گئی۔ سرائے عالمگیر سے نامہ نگارکے مطابق65 سالہ محمد اعظم نے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔