• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران جیل میں گھبرائے نہیں کہتے ہیں یہ ماحول فائیو اسٹار ہے، نعیم پنجوتھا

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ن لیگ کے سینئر رہنما بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف آنے سے پہلے عدالت سے حفاظتی ضمانت لیں گے، امید ہے نواز شریف کو عدالت سے حفاظتی ضمانت مل جائے گی، عمران خان جیل میں مریم نواز سے جھاڑو دلواتا تھا، ہم نہیں چاہتے چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک ہو، الیکشن کمیشن کے جنوری میں الیکشن کے اعلان کو ویلکم کرنا چاہئے،نواز شریف کی واپسی تک شہباز شریف کا لندن آنا جانا لگا رہے گا۔

وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔

 پروگرام میں ترجمان قانونی امور چیئرمین پی ٹی آئی نعیم حیدر پنجوتھا اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔

نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن وہ گھبرائے نہیں ہیں، کہتے ہیں یہ ماحول ان کیلئے فائیو اسٹار ہے، آئین کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن نے آئین توڑا ہے اس پر آرٹیکل چھ لگتا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے جنوری میں انتخابات کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں ، پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے ہم 90روز میں الیکشن چاہتے ہیں،بلاول بھٹو صرف پیپلز پارٹی کیلئے نہیں سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کررہے ہیں۔

بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ کا مسئلہ پیدا ہوا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات سے پہلے نئی حلقہ بندیاں کرنا چاہتا ہے،الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔

انتخابات کی باقاعدہ تاریخ کا اعلان نہ کرنے کی کوئی انتظامی وجہ ہوگی، سیاسی جماعتیں انتخابات کی باقاعدہ تاریخ مانگیں مگر جنوری میں الیکشن کے اعلان کو ویلکم کرنا چاہئے۔

اہم خبریں سے مزید