کوئٹہ(پ ر)پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل اور دیر پا فوائد کا ضامن ہے۔دونوں ممالک کو تعلقات مزید بہتر کرنے اور ترقیاتی منصوبوں میں توازن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیائی امور لیو جنسونگ نے گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق کی قیادت میں چین کے دورے پر آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئےکہی ۔لیو جنسونگ نے کہا کہ چین بلوچستان اور گوادر میں بالخصوص اقتصادی ترقی اور دیگر فلاحی امور کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہےحکومت چین پر امید ہے کہ پاکستان سیاسی استحکام اور ان منصوبوں کے تسلسل کو قائم رکھ کر اپنے حالات کو مد نظر رکھ کر ترقی و خوش حالی کی منازل طے کرتا رہےگا۔ ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور دیگر اراکین نے پاک چین تعلقات اور پاکستان کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوادر کے عوام اس بات کا ادراک رکھتے ہیں کہ سی پیک کی تاثیر، جامعیت، اور عالمی فوائد ان کی ترقی کا ضامن ہے۔