لندن(جنگ نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہجب تک2017میں کی جانے والی سازش کے تمام کرداروں کو انجام تک نہیں پہنچایا جاتا پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرباجوہ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید، ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید پاکستان اور22کروڑ عوام کے مجرم ہیں۔لندن میں نواز شریف اور شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار اور مریم نوازبھی موجود تھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھاکہ2017کے ہنستے بستے پاکستان کو سازش کے تحت بربادی کے دہانے پرلاکھڑا کیا گیا، کھلنڈروں کے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جب تک سازش میں شامل تمام کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ان کا کہنا تھاکہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرباجوہ، فیض حمید، ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید پاکستان اور22 کروڑعوام کےمجرم ہیں۔ قبل ازیں شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے حکم دیا تو لندن چلا آیا، اُن کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں گوجرانوالہ گیا اور نہ ہی کوئی ملاقات ہوئی، نواز شریف کا وطن واپسی پر بھرپور انداز سے استقبال کریں گے۔دوسری جانب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں بہت اچھی چل رہی ہیں، نواز شریف کی واپسی سے متعلق پروپیگنڈا کرنے والوں کو جلد جواب دیں گے۔