• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر امجد ثاقب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرپرسن تعینات

اسلام آباد (طاہر خلیل) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی بطور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تعیناتی کی منظوری دے دی۔ ڈاکٹر امجد ثاقب پاکستانی سماجی کاروباری، انسانی ہمدرد، مصنف اور سابق سرکاری ملازم ہیں۔ انہوں نے اخوت فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی جو صفر شرح سود پر مائکرو فنانس کریڈٹ پروگرام چلاتی ہے۔ یہ تنظیم غریب خاندانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لیے مالی اعانت فراہم کرتی ہے۔ امجد ثاقب متعدد کتابوں کے مصنف اور ساتھ ہی روزنامہ جنگ سمیت دیگر اخبارات میں کالم لکھتے رہے ہیں۔ وہ متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہیں جن میں ستارۂ امتیاز پاکستان کا اعلیٰ سول ایوارڈ بھی شامل ہے۔ امجد ثاقب 1957ء میں کمالیہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1982ء میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے ایم بی بی ایس کیا اور جامعہ پنجاب سے پبلک ایڈمنسٹریشن (ایم پی اے) میں ماسٹر ڈگری مکمل کی۔ انہوں نے 1995ء میں امریکی یونیورسٹی واشنگٹن ڈی سی سے ہیوبرٹ ایچ ہمفری فیلوشپ بھی حاصل کی۔ 1985ء میں انہوں نے ڈی ایم جی میں سول سروس میں شمولیت اختیار کی اور مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے۔
اہم خبریں سے مزید